مفتی محمد صادقؓ لائف ٹائم کمٹمنٹ ایوارڈ

حضرت مفتی محمد صادق صاحبؓ

حضرت مفتی محمدصادق صاحبؓ حضرت مسیح موعود ؑ کے اوّلین صحابہ میں سے تھے جنہوں نے چھوٹی عمر میں احمدیت قبول کرنے کے بعد ساری زندگی اسلام کی خدمت کے لئے وقف کر دی۔ 1920ء میں حضرت مصلح موعودؓ نے آپؓ کو بطور مبلغ امریکہ بھیجا۔ دوران سفر اور پھر امریکہ میں داخل ہونے کے بعد آپ کو تکلیف دہ حالات سے گزرنا پڑا۔ لیکن آپ بڑی ثابت قدمی سے اپنے مشن پر قائم رہے۔ آپ کی ان تھک کوششوں کے ذریعہ قریباً سات سو امریکن اسلامی تعلیمات سے روشناس ہوئے۔ آپ نے رسالہ ’’دی مسلم سن رائز‘‘کا اجراء کیا اور 1921ء میں امریکہ کے شہر شکاگو میں پہلی احمدیہ مسجد کی تعمیر بھی کروائی۔
مجلس خدام الاحمدیہ امریکہ نے ایسے ممبران کے لئے مفتی محمد صادق لائف کمٹمنٹ ایوارڈ جاری کیا ہے جو ایسے ممبران کو دیا جاتا ہے جنہوں نے قبول احمدیت کے بعد حضرت مفتی صاحبؓ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے غیرمعمولی صبر اور قربانیوں کے پیش کرنے کی سعادت حاصل کی ہو۔ یہ ایوارڈ جن احمدیوں کو پیش کیا گیا ہے اُن کی تفصیل سہ ماہی رسالہ ’’مجاہد‘‘ کے شمارہ Winter 2009 ء میں شائع ہوئی ہے۔
محترم رشید احمد صاحب، میلواؤکی
آپ 1923ء میں Illinous میں پیدا ہوئے اور 1945ء میں احمدیت میں شامل ہوئے۔ اُس وقت امام بنگالی صاحب شکاگو میں مشنری انچارج تھے اور یہاں دوسرے بہت سارے نو مبائعین تھے جو حضرت مفتی صاحبؓ کے ذریعہ سے احمدیت میں شامل ہوئے تھے۔ آپ کو یہ ایوارڈ 2007ء میں دیا گیا۔
محترم عابد حنیف صاحب ، بوسٹن
آپ 1927ء کو نیویارک میں پیدا ہوئے۔ جب آپ کیرولینا میں ایک سکول میں تعلیم حاصل کررہے تھے۔ اس دوران آپ کا تعارف احمدی مبلغین ڈاکٹر خالد احمد ناصر صاحب اور چوہدری غلام یٰسین صاحب سے ہوا۔ آپ نے 1948ء میں 21 سال کی عمر میں احمدیت قبول کرنے کی سعادت حاصل کی۔ آپ کو یہ ایوارڈ 2007ء میں دیا گیا۔
مکرم عبد الرحمن صاحب ، بالٹی مور
آپ شمالی کیرولینا میں عیسائی مذہب میں پروان چڑھے اور 1940ء میں بالٹی مور میں احمدیت قبول کی۔ آپ نے مختلف شعبوں میں جماعت کی خدمت کی توفیق پائی اوربالٹی مور جماعت کے صدر بھی رہے۔ آپ کی عمر اس وقت ماشاء اللہ قریباً ایک سو سال ہے۔ آپ کو یہ ایوارڈ 2008ء میں دیا گیا۔
مکرمہ عالیہ شہید صاحبہ، پٹس برگ
آپ نے 1932ء میں احمدیت قبول کی اور آج آپ کی عمر 95سال ہے۔ آپ نے نیشنل صدر لجنہ اور سیکرٹری مال کے طور پر خدمت کی توفیق بھی پائی۔ آپ کو 2008ء میں یہ ایوارڈ پیش کیا گیا۔
ڈاکٹر یوسف عبد اللطیف صاحب، بوسٹن
آپ ڈیٹرائٹ میں پلے بڑھے اور 1948ء میں احمدیت قبول کرلی۔ تب سے آپ جماعتی خدمت میں مصروف ہیں۔ آپ کی عمر 86سال ہے۔ آپ نے مساکیوسٹ یونیورسٹی سے تعلیم میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی تھی۔ آپ کی تحقیق کا موضوع تھا: ’’مغربی اور اسلامی تعلیمات کا جائزہ‘‘۔ آپ ایک مشہور میوزیشن بھی ہیں اور 1987ء میں گرامی ایوارڈ کے حقدار قرار پائے تھے۔ مفتی محمد صادقؓ لائف ٹائم کمٹمنٹ ایوارڈ آپ کو 2008ء میں دیا گیا۔
مکرم عبد السلام صاحب، فلاڈلفیا
آپ نے 1960ء میں اسلام قبول کیا اور ایک سال بعد احمدیت میں شامل ہوگئے۔ آپ بیعت سے پہلے ایک منسٹر تھے۔ آپ کو ربوہ اور قادیان جانے کا شرف بھی حاصل ہے۔ آپ کو بطور صدر، نائب صدر، سیکرٹری مال اور سیکرٹری تبلیغ جماعت کی خدمت کرنے کی توفیق ملی۔ آپ کو ایوارڈ 2008ء میں دیا گیا۔
مکرم امین اللہ احمد صاحب، ڈیٹن (اوہایو)
آپ 1937ء کو سِن سنّاٹی ،اوہایو میں پیدا ہوئے۔ آپ نے1965ء میں اسلام قبول کیا اور ڈاکٹر مظفر احمد ظفر صاحب اور امام بنگالی صاحب سے تعارف کے بعد 1972ء میں احمدی ہوگئے۔ آپ کو 1972ء اور 1973ء میں حج کی سعادت نصیب ہوئی۔ آپ کو 1975-81ء میں چھ مرتبہ ربوہ اور قادیان جانے کا موقع ملا اور 1985ء میں برطانیہ کے جلسہ سالانہ میں بھی شامل ہوئے۔ آپ کو ایوارڈ 2008ء میں دیا گیا۔
مکرم بشیر الدین اسامہ کلیو لینڈ (اوہایو)
آپ 1932ء میں پیدا ہوئے اور اپنے مہاجر والدین کی تیسری نسل سے تھے جو کہ جمیکا سے یہاں آئے تھے۔ ایک جمیکن دوست کے مشورہ پر اسلام سے متعلق معلومات حاصل کرنے کے لئے احمدیہ مرکز پہنچے اور چند ماہ کے مطالعہ کے بعد 1951ء میں احمدیت قبول کر لی۔ آپ کو ایوارڈ 2008ء میں دیا گیا۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں