گولڈن گیٹ برج (Goldengate Bridge)

روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 7؍جون 2012ء میں عجائباتِ عالم کے زیرعنوان گولڈن گیٹ پُل کا تعارف شائع ہوا ہے۔ 2ء1 میل لمبا یہ دنیا کا سب سے طویل معلّق پُل ہے جو سان فرانسسکو کو میرین کاؤنٹی سے ملاتا ہے۔ ایک سومیل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کو برداشت کرنے کے لئے یہ پُل 27 فُٹ تک جھُول جاتا ہے۔ مسلسل دُھند، 60 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں اور طاقتور سمندری موجوں کے باوجود اس کی تعمیر کا آغاز 5؍جنوری 1933ء کو کیا گیا اور ساڑھے چار سال کی مدّت میں اسے 27؍مئی 1937ء کو 35ملین ڈالر کی لاگت سے مکمل کرلیا گیا۔ پُل کے اطراف میں لگائی گئی سٹیل کی تار کی کل لمبائی 80ہزار میل سے زیادہ ہے۔ اس کی تعمیر کے دوران حادثات کے نتیجہ میں 11افراد کو جان سے ہاتھ دھونے پڑے۔

پُل کا ڈیزائن انجینئر جوزف بائرمین اسٹراس نے معاونین کی مدد سے تیار کیا تھا اور پُل کے افتتاح کے وقت دو لاکھ افراد نے اس پر پیدل چلنے کا لطف اٹھایا تھا۔ اگلے روز اسے ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا تھا۔ پُل کے ٹاور 746 فُٹ بلند ہیں۔ ایک ٹاور سے دوسرے ٹاور تک کا فاصلہ 4200فُٹ ہے جبکہ اس پُل کا وزن 95 ملین ٹن ہے۔ اس پُل کو سوا لاکھ کاریں روزانہ استعمال کرتی ہیں۔ ہمہ وقت گہری دھند کی وجہ سے اس پر انٹرنیشنل اورنج کلر کا پینٹ کیا گیا تھا تاکہ ڈرائیوروں کو دیکھنے کی آسانی رہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں