پانی کے فوائد اور مفروضوں کا بیان – جدید تحقیق کی روشنی میں

پانی کے فوائد اور مفروضوں کا بیان – جدید تحقیق کی روشنی میں
(فرخ سلطان محمود)

٭ ایک تحقیق کے مطابق زیادہ پانی پینے سے ذہنی یکسوئی اور جسمانی کارکردگی میں اضافہ ہوتا ہے جبکہ کم پانی پینے والے لوگ سستی اور اکتاہٹ کا شکار رہتے ہیں۔ آسٹریلیا کے طبی ماہرین کی رپورٹ میں اِس حوالے سے کئے جانے والے تجرِبات کے نتائج میں لکھا گیا ہے کہ پانی پینے سے جسم کے فالتو نمکیات خارج ہوتے ہیں اور جسم میں پانی کی کمی سے پیدا ہونے والی بیماریوں سے نجات ملتی ہے۔ جبکہ جسم میں پانی کی کمی سے سردرد ،ارتکازِ توجہ میں کمی اور جسم میں بے چینی کی کیفیت پیدا ہوجاتی ہے۔ جریدے ’’ہیرالڈسن‘‘ میں شائع ہونے والی اس رپورٹ کے مطابق ایک صحت مند جسم کو دن میں 2 سے 3 لیٹر پانی کی ضرورت ہوتی ہے۔ اور جو لوگ اس مقدار سے کم پانی پیتے ہیں اُن میں دل اور گردے کے امراض اور معدے میں خرابیاں شروع ہوجاتی ہیں نیز سرطان کی بعض اقسام بھی کم پانی پینے سے لاحق ہوسکتی ہیں۔
تاہم ماہرین نے اِس مفروضے کو غلط قرار دیدیا ہے جس کے مطابق روزانہ آٹھ گلاس پانی پینے سے جلد اور رنگت میں نکھار پیدا ہوتا ہے۔ برطانیہ میں برٹش نیوٹریشن فاؤنڈیشن کی طرف سے کی گئی حالیہ ریسرچ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ صرف متوازن خوراک کا استعمال اور دھوپ سے بچاؤ ہی خوبصورت جلد اور رنگت کی تازگی کی ضمانت ہے۔ تحقیقی رپورٹ کے مطابق اِس بات کا سائنسی ثبوت بہت کم ملا ہے کہ پانی کے استعمال سے جلد کی نمی پر کوئی مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں یا پانی کے کم یا زیادہ استعمال سے جلد کی ظاہری حالت پر اس کا کوئی اثر پڑتا ہے۔
٭ برٹش جرنل آف سائیکاٹری نامی جریدے میں شائع ہونے والی ایک طبی اور نفسیاتی تحقیق کے مطابق پانی میں ایک عنصر یعنی ’’لیتھیم‘‘ دھات کی موجودگی خودکشی کے رجحان میں کمی کا باعث بنتی ہے۔ اس تحقیق کو جاپانی طبی ماہرین نے آئیٹا یونیورسٹی میں مکمل کیا ہے۔ اور ماہرین نے اپنی رپورٹ میں بیان کیا ہے کہ جن علاقوں میں پانی کے اندر اس دھات یعنی لیتھیم کی موجودگی کے آثار ملے ہیں وہاں کے علاقوں میں خودکشی کی شرح نہ ہونے کے برابر پائی گئی ہے۔ ماہرین اس تحقیق کے نتائج معلوم ہونے کے بعد اب لیتھیم کی ماہئیت اور اس کو گھمبیر قسم کے نفسیاتی مسائل میں دوا کے طور پر استعمال کرنے کے بارے میں تجربات کررہے ہیں۔ ماہرین نے کہا ہے کہ اس دھات میں انسانی موڈ پر خوشگوار اثرات مرتب کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں