محترم ملک مختار احمد صاحب

روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 8فروری2008ء میں مکرم ریاض احمد ملک صاحب کے قلم سے مکرم ملک مختار احمد صاحب کا ذکر خیر شامل اشاعت ہے۔

ریاض احمد ملک صاحب

مکرم ملک مختار احمد صاحب والد صوبیدار ملک حبیب خان صاحب ستمبر 1931ء میں دوالمیال میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم حاصل کرکے گارڈن کالج راولپنڈی سے گریجویشن کی، پھر راولپنڈی میں GHQ کی انجینئرنگ برانچ اور بعد میں واہ فیکٹری میں ملازمت کرلی۔ 1960ء میں ملازمت ترک کرکے انگلینڈ چلے گئے۔ دوالمیال کے بعد دیگر جماعتوں میں بھی خدمت کی توفیق پاتے رہے۔ انگلینڈ میں ناٹنگھم سٹی میں رہائش اور ملازمت شروع کی اور جماعت احمدیہ ناٹنگھم کے صدر کی حیثیت سے تادمِ مرگ خدمات بجا لاتے رہے۔
تقسیم ہند کے موقع پر آپ کو حفاظت مرکز کے سلسلہ میں خدمت کی توفیق بھی ملی۔ جماعتی کتب کا وسیع مطالعہ تھا۔ آپ ایک دلیر داعی الی اللہ اور مثالی کردار کے مالک تھے۔ حلال و حرام کا بہت خیال رکھتے۔ روزہ کی سختی سے پابندی کرتے۔ خدمتِ خلق میں بھی ممتاز تھے۔ آپ نے ناٹنگھم میں پاکستان فرینڈز لیگ کی بنیاد ڈالی اور عرصہ تک اس کے صدر رہے۔ پاکستان ایسوسی ایشن کے سیکرٹری بھی رہے۔ مسلمان بچوں اور بچیوں کے تشخص کو قائم کرنے کے لئے ناٹنگھم میں قرآن مجید اور اردو پڑھنے کی کلاسوں کا اجراء کروایا۔ 1981ء میں جسٹس آف پیس (J.P) ناٹنگھم سٹی مقرر ہوئے اور تادم وفات یہ خدمت بجالائے۔ متعدد دیگر جماعتی اور سماجی خدمات کی توفیق بھی ملتی رہی۔
آپ کی وفات 11؍اکتوبر 1984ء کو ہارٹ فیل ہوجانے کے باعث ہوئی۔ تدفین دوالمیال ضلع چکوال میں آبائی قبرستان میں ہوئی۔ آپ نے اہلیہ کے علاوہ دو بیٹیاں یادگار چھوڑیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں