محترم عبدالقادر بھٹی صاحب سابق استاد گیمبیا

ماہنامہ ’’مصباح‘‘ اپریل 1999ء میں محترم عبدالقادر بھٹی صاحب کا ذکر خیر کرتے ہوئے مکرم ندیم خالد رانا صاحب بیان کرتے ہیں کہ محترم بھٹی صاحب نے نصرت جہاں سکیم کے تحت وقف کرکے گیمبیا میں خدمت کی توفیق پائی۔ آپ نے سکول میں تدریس کے علاوہ ’’کتب خانہ‘‘ کا کام بھی کیا اور کچھ عرصہ سکول کے اکاؤنٹس بھی تیار کئے۔ آپ کی وہاں تقرری کے بعد بیالوجی کا مضمون نصاب میں شامل ہوا اور بیالوجی کی لیبارٹری بھی مرحوم ہی نے سیٹ کی۔ سکول کی بڑی بڑی تقریبات کے انعقاد کے سلسلہ میں بھی آپ کو ذمہ داریاں سونپی جاتی رہیں۔ قائمقام پرنسپل کے طور پر بھی کام کرنے کا موقع ملا۔
محترم بھٹی صاحب کو دعوت الی اللہ کا جنون تھا۔ 1992ء کی پہلی انٹرنیشنل بیعت اسکیم کے دوران بڑے نامساعد حالات میں آپ نے پیدل، بائیسکل اور گدھا گاڑی پر سفر کرکے سینکڑوں کی تعداد میں بیعتیں حاصل کیں اور بعض علاقے دعوت الی اللہ کے لئے کھولے۔ گیمبیا جانے سے قبل بھی جب آپ کشمیر میں ملازمت کر رہے تھے تو آپ کو دعوت الی اللہ کی وجہ سے زدوکوب بھی کیا گیا، مقاطعہ بھی کیا جاتا رہا اور دوردراز مقامات پر آپ کا تبادلہ کردیا جاتا۔
آپ کو مجلس خدام الاحمدیہ میں اور دیگر جماعتی خدمات کی بھی توفیق ملتی رہی۔ گیمبیا میں نائب ریجنل قائد رہے۔ 1993ء میں ہالینڈ آنے کے بعد مہتمم اشاعت اور نائب افسر جلسہ سالانہ کے علاوہ متعدد اعلیٰ عہدوں پر کام کرنے کی توفیق پائی۔ آپ کی دعوت الی اللہ کی مہمات کی وجہ سے پریس نے کئی انٹرویو بھی شائع کئے۔ آپ کے حلقہ احباب میں ہر سطح کے لوگ شامل تھے اور مرحوم جماعت میں اور مقامی لوگوں میں یکساں مقبول تھے۔ دو تین سال پہلے ہالینڈ میں بائی پاس کا آپریشن ہوا تھا۔ نومبر 1998ء میں صرف پینتیس سال کی عمر میں وفات پائی۔ جنازہ ربوہ لے جایا گیا جہاں تدفین عمل میں آئی۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں