محترم حاجی احمد خان ایاز صاحب

روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 24؍ستمبر 2001ء میں مکرم مقصود احمد منیب صاحب کے قلم سے محترم حاجی احمد خان صاحب ایاز کا ذکر خیر شامل اشاعت ہے۔ آپ 10؍ذوالحجہ 1909ء کو محترم چودھری کرم دین صاحب کسانہ کے گھر کھاریاں میں پیدا ہوئے۔ حج کے دن پیدا ہونے کی وجہ سے آپ کے نام کے ساتھ حاجی کا اضافہ کردیا گیا۔ آپ بہت ذہین تھے۔ تعلیمی میدان میں بھی بہت ترقی کی۔ کھاریاں کا پہلا گریجوایٹ ہونے کا اعزاز آپ کو حاصل ہوا۔ پھر 1934ء میں دہلی لاء کالج سے قانون کی ڈگری حاصل کی تو کھاریاں کا پہلا وکیل ہونے کا اعزاز بھی حاصل کرلیا۔ 1936ء میں آپ ہنگری، چیکوسلواکیہ اور پولینڈ وغیرہ چلے گئے۔ 1938ء میں واپس وطن تشریف لائے اور کمیشنڈ آفیسر بھرتی ہوکر فوج میں کیپٹن بنائے گئے۔ وہاں سے سول سروس کے لئے منتخب ہوئے اور پھر دس سال تک محکمہ ایمپلائمنٹ ایکسچینج کے جنرل مینیجر رہے۔ 1955ء میں ملازمت سے ریٹائرمنٹ کے بعد گجرات، لاہور اور راولپنڈی میں بطور ایڈووکیٹ پریکٹس شروع کی۔ 1971ء میں جب کھاریاں کو سب ڈویژن کا درجہ ملا تو کھاریاں میں پریکٹس شروع کردی۔
آپ نے شاعری بھی کی اور اردو اور ہنگیرین زبانوں میں کئی مضامین لکھے جو پاکستان اور ہنگری کے جرائد میں شائع ہوتے رہے۔ جب آپ لاء کالج دہلی کے طالبعلم تھے تو ایک کتاب بھی لکھی جو کچھ عرصہ نصاب میں بھی شامل رہی۔ نیز کچھ دیگر کتب بھی تحریر کیں۔ 29؍اپریل 2001ء کو 92 سال کی عمر میں آپ نے وفات پائی۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں