محترمہ امۃالرشید صاحبہ

ماہنامہ ’’مصباح‘‘ جون 2000ء میں مکرم طاہر محمود احمد بٹ صاحب آف لاہور اپنی والدہ محترمہ امۃالرشید صاحبہ کا ذکر خیر کرتے ہوئے رقمطراز ہیں کہ مرحومہ میں بے شمار خوبیاں تھیں۔ جوانی ہی سے تہجد پڑھنے کا شوق تھا۔ قرآن پڑھانے کا بھی بہت شوق تھا۔ گھر پر بھی بچوں اور عورتوں کو قرآن پڑھائیں اور دوسرے گھروں میں جاکر بھی یہ فرض نبھاتیں۔ اپنے علاقہ میں (جس کا نام نہیں لکھا گیا) لجنہ اماء اللہ قائم کی اور تقریباً دس سال صدر رہیں۔ کثرت سے سچے خواب دیکھتیں۔
1971ء میں جب اپنا مکان تعمیر کیا تو مکان کا نام رکھنے کی غرض سے دعا کی۔ ایک سفید تختی پر ’’المھیمن‘‘ لکھا ہوا دکھایا گیا۔ 1974ء میں جب تحریک چلی تو شرپسندوں نے ایک رات ہمارے گھر کو آگ لگانے کی کوشش کی۔ صبح دیکھا تو گھر کے صحن میں مٹی کا تیل پھیلا ہوا تھا اور دروازے کے قریب بہت سی ماچس کی تیلیاں پڑی تھیں لیکن المھیمن خدا نے اپنے فضل سے ہمیں ہر شر سے محفوظ رکھا۔
آپ کی وفات پر حضور انور ایدہ اللہ نے آپ کے شوہر کے نام اپنے خط میں تحریر فرمایا: ’’مجھے یاد ہے جب آپ کی بیگم صاحبہ مجھے ملی تھیں تو خلوص کا ایک مرقع معلوم ہوتی تھیں، سلسلہ سے نہایت گہری عقیدت ان کی ہر ادا سے ظاہر و باہر تھی‘‘۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں