عزیزم احمد چوہدری کی یاد میں

روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 17؍جولائی 2008ء میں مکرمہ ث۔ آرائیں صاحبہ نے اپنے بھتیجے عزیزم احمد چوہدری ولد محمد اشرف صاحب کا ذکرخیر کیا ہے جو 25؍اگست 2007ء کو 17سال کی عمر میں کینیڈا کی اونٹاریو جھیل میں اپنے دوستوں کو بچانے کی کوشش میں ڈوب کر فوت ہوگیا۔ اخبار ’’کینیڈا پوسٹ‘‘ نے اگلے روز شہید کی تصویر دے کر لکھا: ’’چودھری، ایک ہیرو۔ جس نے اپنے ایک دوست کو بچالیا اور دوسرے کو بچانے کے لئے اپنی جان کی قربانی دیدی۔
جس صبح احمد اپنے کچھ کلاس فیلوز اور ان کی فیملی کے ساتھ پکنک کے لئے جھیل پر جارہا تھا تو اپنی امی کو فکرمند دیکھ کر بار بار ان کو گلے سے لگا کر وعدہ کرتا کہ وہ پانی میں نہیں جائے گا۔ اور کہا کہ میں آپ کو بار بار فون کروں گا۔ پھر راستے سے اپنی بہن کو فون کیا اور ٹیکسٹ بھیجا کہ میں جتنی دیر گھر سے باہر رہوں، امی کا خیال رکھنا اور ان کے ساتھ رہنا۔ وہ اپنے وعدہ کے مطابق واقعی پانی میں نہیں گیا۔ لیکن جب کچھ بچے گہرے پانی میں پھسل گئے تو احمد جو کہ اچھا تیراک تھا اور اُس نے تیراکی کا لائسنس بھی لے رکھا تھا، کپڑوں سمیت ہی پانی میں کود گیا۔ ایک بچے کو بچانے میں کامیاب ہوگیا مگر دوسرے تک پہنچتے ہی ایک تیز لہر اُن دونوں کو بہالے گئی۔
17 سال کی عمر میں بھی احمد کی تحریریں، سوچ، فکر، فلسفہ، عملی اقدام کو دیکھ کر یوں محسوس ہوتا ہے کہ وہ زندگی کے گہرے فلسفے کو اتنی مختصر سی زندگی میں ہی سمجھ گیا تھا جو ایک لمبی عمر گزار کر بھی انسان سمجھ نہیں پاتا۔ وہ وقت کی قدر پہچانتا تھا اور ہمیشہ تعمیری مصروفیات میں مگن رہتا۔ ایک اچھا آرٹسٹ بھی تھا۔ تعلیمی اور کھیلوں کے میدان میں کئی ایوارڈز اور ٹرافیاں لے رکھی تھیں۔ اُس نے گریڈ گیارہ اور بارہ کے آدھے کورسز 90 فیصد سے زیادہ نمبر لے کر ختم کرلئے تھے اور ساتھ ہی Minnie MBA کا کورس بھی ختم کرلیا تھا۔ سکول کے Clubs میں نمایاں تھا اور بزنس کلب کا صدر تھا۔ اپنے دوستوں کی راہنمائی کرنا اور اُن کے والدین کا بھی خیال رکھنا، اُس کی فطرت تھی۔ سکول میں فٹ بال کی ٹیم کا کوچ بھی تھا۔ غیر معمولی صلاحیتوں کا مالک تھا۔
اونٹاریو پولیس کی طرف سے اُسے بہادری ایوارڈ دیا گیا اور اس کے نام کی Charity جاری کی گئی۔ احمد ایسے وجودوں میں سے تھا جو مختصر سی زندگی میں ہی اپنے نیک نمونہ کی وجہ سے دلوں پر ایک گہرا تأثر چھوڑتے ہیں اور دوسروں میں مثبت سوچ پیدا کرتے ہیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں