صد سالہ جشن خلافت نمبر – خصوصی اشاعتیں

اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہم اپنی صدسالہ جشن خلافت کی تقریبات کو دنیابھر میں منارہے ہیں۔ اسی حوالہ سے میں مختلف اخبارات و رسائل جہاں خصوصی اشاعتوں کو پیش کرنے کی سعادت حاصل کر رہے ہیں وہاں جماعت ہائے احمدیہ کی مختلف شاخوں کی طرف سے خصوصی سووینئرز بھی شائع کئے جارہے ہیں۔
ہفت روزہ ’’الفضل انٹرنیشنل‘‘ بھی جلسہ سالانہ برطانیہ کے موقع پر ایک شاندار ’’خلافت نمبر‘‘ کی اشاعت کی توفیق پاچکا ہے۔ اسی حوالہ سے طباعت کے مراحل طے کرنے والے جو جرائد ہمیں اب تک موصول ہوچکے ہیں، اُن کا تعارف ’’الفضل ڈائجسٹ‘‘ کی زینت بنایا جارہا ہے۔ نیز ایسی خصوصی اشاعتیں، دورانِ سال، جب بھی ہمیں موصول ہوتی رہیں گی، تو اپنے معمول کا انتخاب پیش کرنے کی بجائے، ایسی خصوصی اشاعتوں پر تبصروں اور اُن میں شامل منتخب مضامین کا تعارف پہلے ہدیۂ قارئین کیا جاتا رہے گا۔ اللہ تعالیٰ ہمیں خلافت کی برکات کا ادراک اور خلافت و خلیفۂ وقت سے ایسی محبت کا حق ادا کرنے کی توفیق عطا فرماتا چلا جائے جس سے ہماری عملی زندگیاں روشن تر ہوتی چلی جائیں۔
رسائل و جرائد کی ترسیل نیز خط و کتابت کیلئے ہمارا پتہ حسب ذیل ہے۔ براہ کرم خطوط میں اپنے مکمل پتہ کے علاوہ فون نمبر بھی ضرور تحریر فرمائیں:
AL-FAZL DIGEST, 22 DEER PARK ROAD,
LONDON SW19 3TL U.K.
’’الفضل ڈائجسٹ‘‘ کی ویب سائٹ کا پتہ درج ذیل ہے۔ اس ویب سائٹ پر گزشتہ پندرہ سال میں ایسے تمام مضامین اور نظموں کا انڈیکس موجود ہے جو الفضل ڈائجسٹ کے لئے منتخب کئے گئے تھے۔
http://www.alislam.org/alfazal/d/

ہفت روزہ ’’بدر‘‘ قادیان
ہفت روزہ ’’بدر‘‘ قادیان کی 8تا 15؍مئی 2008ء کی اشاعت ’’خلافت نمبر‘‘ کے حوالہ سے خصوصی اشاعت ہے۔ معمول کے 36 بڑے صفحات پر مشتمل اس اخبار میں خلافت سے متعلق اہم ارشادات، چند خصوصی مضامین اور نظمیں بھی شامل ہیں۔ تقریباً تمام مضامین جامع اور مختصر انداز میں تحریر کئے گئے ہیں اور خلافت کے پس منظر، برکات اور خلفائے کرام کی سیرت کا زیادہ سے زیادہ احاطہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اخبار کا سرورق رنگین تصاویر سے مزین ہے اور عمدہ سفید کاغذ پر مشتمل ہے۔

ماہنامہ ’’النور‘‘ امریکہ
جماعت احمدیہ امریکہ کی طرف سے ماہنامہ ’’النور‘‘ کا مئی،جون 2008ء کا شمارہ خلافت نمبر کے طور پر شائع کیا گیا ہے۔ A4 سائز کے دو سو بیس صفحات پر مشتمل اس رسالہ کا نصف حصہ اردو اور نصف انگریزی زبان میں ہے۔

سہ ماہی ’’سن رائز‘‘ امریکہ
جماعت ہائے احمدیہ امریکہ کا انگریزی سہ ماہی رسالہ ’’سن رائز‘‘ کا ’’گرما 2008ء‘‘ کا شمارہ خلافت نمبر کے حوالہ سے شائع کیا گیا ہے۔ A4 سائز کے 60 عمدہ صفحات پر مشتمل یہ رسالہ خلافت کی تاریخ اور برکات کے حوالہ سے عمدہ مضامین اور تصاویر پر مشتمل ہے۔

ماہنامہ ’’الھدیٰ‘‘ سویڈن
مجلس انصاراللہ سویڈن کے ماہنامہ ’’الھدیٰ‘‘ مئی 2008ء کا شمارہ ’’خلافت نمبر‘‘ کے طور پر شائع کیا گیا ہے۔ A4 سائز کے قریباً ڈیڑھ سو صفحات پر مشتمل اس شمارہ میں دو تہائی صفحات اردو میں جبکہ باقی مقامی زبان میں مرتب کئے گئے ہیں۔ خلافت کے حوالہ سے تاریخی مضامین کے علاوہ کچھ مواد احباب کی ذاتی یادوں کا بھی عکاس ہے۔ چند صفحات تصاویر سے بھی مزین ہیں۔

جماعت احمدیہ بھارت کا سووینئر
جماعت ہائے احمدیہ بھارت کی طرف سے A4 سائز کے دو صد صفحات پر مشتمل شائع کیا جانے والا صدسالہ خلافت سووینئر اردو ز بان میں ایک عمدہ پیشکش ہے۔ خلفائے احمدیت کا مختصر تعارف، بہت سے علمی اور تربیتی مضامین کے علاوہ بے شمار تاریخی تصاویر اور چند نظمیں اس کی زینت ہیں۔ نیز چند اہم قومی شخصیات کے وہ تہنیتی پیغامات بھی درج کئے گئے ہیں جو صدسالہ جشن خلافت کے موقع پر موصول ہوئے ہیں۔ لیکن ایک خاص بات یہ ہے کہ جماعت احمدیہ بھارت کی یہ پیشکش قادیان کی تاریخ، ترقی اور خلفائے احمدیت کے قادیان کے دوروں کے حوالہ سے ایک قیمتی دستاویز کی حیثیت رکھتی ہے۔ مختصراً یہ کہ اس میں دی جانے والی معلومات سے قادیان کے ماضی اور حال کی اس طرح عکاسی ہوتی ہے جس سے اس مقدس بستی کے روشن اور تابناک مستقبل کا اندازہ کیا جاسکتا ہے۔

’’انصارالدین‘‘ کا صدسالہ خلافت نمبر
مجلس انصاراللہ برطانیہ کے رسالہ ’’انصارالدین‘‘ کا مئی و جون 2008ء کا شمارہ صد سالہ جشن خلافت نمبر ہے۔ A4 سائز کے ایک سو صفحات پر مشتمل اس رسالہ کا نصف حصہ اردو اور نصف حصہ انگریزی میں مرتب کیا گیا ہے جس میں خلافت کے حوالہ سے مختلف عناوین پر بہت سے عمدہ تربیتی اور معلوماتی مضامین کا انتخاب شامل اشاعت ہے۔چند تاریخی تصاویر بھی اس شمارہ کی زینت ہیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں