حضرت میاں پیر محمد صاحبؓ

روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 16اپریل 2012ء میں مکرمہ ف۔فاروق صاحبہ کے قلم سے اُن کے پڑدادا حضرت میاں پیر محمد صاحبؓ کے حالات زندگی شامل اشاعت ہیں۔ قبل ازیں 23مئی 2008ء کے شمارہ کے ’’الفضل ڈائجسٹ‘‘ میں بھی آپؓ کا ذکرخیر کیا جاچکا ہے۔
حضرت میاں پیر محمد صاحبؓ نے 1898ء میں قادیان جاکر حضرت مسیح موعودؑ کی بیعت کرنے کا شرف حاصل کیا۔ 1903ء میں آپ نے دوبارہ اپنے والد حضرت میاں امام الدین صاحبؓ اور دو بھائیوں حضرت میاں نور محمد صاحبؓ اور حضرت میاں محمد اسحٰق صاحبؓ کے ساتھ قادیان جاکر بیعت کی جس کا ذکر اخبار البدر 3جولائی 1903ء میں ہوا۔
حضرت میاں امام الدین صاحبؓ قریباً 1840ء میں پیدا ہوئے۔ پیر کوٹ ثانی ضلع حافظ آباد کے رہائشی تھے۔ 1904ء میں آپ کی وفات ہوئی اور پیر کوٹ کے قبرستان میں تدفین ہوئی۔ آپ بدرسوم اور بدعات کے سخت مخالف تھے۔ اپنے علاقہ میں بڑے باعزت، پُروقار اور دیانت دار بزرگ مشہور تھے۔ لوگ اپنی امانتیں اکثر آپ کے پاس رکھواتے تھے۔ بے حد جفاکش اور محنتی تھے۔ بیعت کرنے کے بعد جلد ہی آپ کی وفات ہوگئی تھی۔
حضرت مولانا غلام رسول راجیکی صاحبؓ سے روایت ہے کہ مَیں ایک مرتبہ پیرکوٹ گیا، بھرپور جوان اور طاقتور تھا۔ مَیں نے علاقہ کے نوجوانوں سے کلائی پکڑنے کا مقابلہ کیا۔ ایک ایک کر کے سارے نوجوان یہ مقابلہ ہارتے گئے۔ ایک خاموش طبع نوجوان یہ سارا منظر چپ کرکے دیکھتے رہے انہوں نے محسوس کیا کہ علاقہ کی عزت کا سوال ہے۔ چنانچہ وہ اٹھے اور میرے ساتھ کلائی پکڑنے کا مقابلہ کیا۔ مَیں ان سے اپنی کلائی نہ چھڑواسکا۔ یہ نوجوان حضرت میاں امام الدین صاحبؓ تھے۔
حضرت میاں پیر محمد صاحبؓ قریباً 1889ء میں پیدا ہوئے۔ بنیادی طورپر آپ ناخواندہ تھے۔ حضرت مولانا راجیکی صاحبؓ کے خسر حضرت مولوی جلال الدین صاحب سے قرآن کریم ناظرہ پڑھا اور چند الفاظ اردو کے سیکھے۔ بعد میں اس استعداد کو اتنا بڑھا لیا کہ حضرت مسیح موعودؑ کی کتب کا مطالعہ رواں کرنے لگ گئے۔ اسی مطالعہ کی برکت سے بہت اچھی اور لمبی تقریریں بھی کرلیتے اور عیسائی پادریوں سے بے دھڑک مناظرہ کرلیتے۔ نمازوں کے بے حد پابند اور تہجد گزار تھے۔ خدا تعالیٰ کے حضور گریہ و زاری اور الحاح سے اپنی مناجات کو پیش کرتے۔
حضرت میاں پیر محمد صاحبؓ کاشتکاری کرتے تھے۔ اکثر نفل ادا کر کے کھیتوں میں جاتے۔ اپنی اولاد کو بھی عبادت اور دعا کی تلقین کرتے اور ان کی نیک تربیت کی۔ آپ کے ایک بیٹے بیان کرتے ہیں کہ ایک مرتبہ میاں جی نے مجھے کھیتوں میں ہل چلانے کے لئے بھیجا اور تاکید کی کہ کام شروع کرنے سے قبل نفل ضرور ادا کر لینا۔ مَیں نے نفل ادا کئے بغیر کام شروع کیا تو ہل ٹوٹ گیا۔ یوں ذکر الٰہی کی برکت میرے دل میں جاگزیں ہوئی۔
حضرت میاں صاحبؓ کے پاس صرف چار پانچ ایکڑ زمین تھی لیکن ذکرالٰہی کی برکت سے اسی پر تین خاندانوں کی گزر بسر ہوتی تھی۔ باقی کاشتکار آپؓ کی اچھی فصل دیکھ کر حیران ہوتے تھے۔ آپؓ بہت پُرحکمت اور دانا تھے۔ کسی میں کوئی برائی دیکھ کر منع کرنے کی بجائے فلسفہ کے رنگ میں اُس بری بات کے نقصانات بیان کرتے۔
آپؓ بہت نڈر اور پُرجوش داعی الیٰ اللہ تھے۔ دُوردُور کے علاقوں میں جاکر تبلیغ کرتے۔ ایک مرتبہ مخالفین نے آپؓ کو اس قدر مارا کہ آپ بیہوش ہو گئے وہ آپ کو ایک تالاب کے کنارے پھینک کر چلے گئے۔ جب آپؓ کو ہوش آیا تو واپس اپنے گاؤں آنے کی بجائے دوبارہ انہی مخالفین کی طرف تبلیغ کرنے کے لئے چل دیئے اور ذرا خوف محسوس نہ کیا۔ آپ صاحبِ کشف و الہام تھے۔ جب حضرت خلیفۃ المسیح الثانیؓ کی وفات ہوئی تو آپؓ تک ابھی یہ خبر نہ پہنچی تھی کہ آپ نے اہل خانہ کو بتایا کہ رات کو دعا کرتے ہوئے میری زبان پر یہ الفاظ نازل ہوئے کہ

’’یٰدَاوٗدُ اِنَّا جَعَلْنٰکَ خَلِیْفَۃً فِی الْاَرْضِ‘‘۔

اور ساتھ ہی میرے دل میں یہ ڈالا گیا ہے کہ داؤد سے مراد حضرت مرزا ناصر احمد صاحب ہیں۔ اور اس کے ساتھ یہی منظر دیکھ رہا ہوں کہ خلافت کا انتخاب ہورہا ہے اور حضرت مرزا ناصر احمد صاحب خلیفہ بن رہے ہیں۔
یہ ایک حیرت انگیز واقعہ اس لئے بھی ہے کیونکہ مذکورہ بالا الہام حضرت مرزا ناصر احمد صاحبؒ کو بھی ہوا تھا۔
پیرکوٹ کے ایک رہائشی ملک عطاء اللہ نے احمدیہ مسجد کے سامنے اپنا گھر تعمیر کروانے کی غرض سے کچّی اینٹیں اتروائیں۔ جب آپؓ نماز کے لئے تشریف لائے تو اُن سے کہا کہ عطاء اللہ! مَیں نے خواب میں یہاں پکّے مکان تعمیر شدہ دیکھے ہیں اور تم نے کچّی اینٹیں اتروائی ہیں۔ انہوں نے جواب دیا کہ میاں جی! میری تو اتنی استطاعت ہی نہیں۔ بہرحال وہ بتاتے ہیں کہ خداتعالیٰ نے ایسے سامان مہیا فرمائے کہ میرا مکان پکّی اینٹوں اور سیمنٹ سے تعمیر ہوا۔ یوں خد اتعالیٰ نے آپؓ کی خواب کو سچ کردکھایا۔
حضرت میاں صاحبؓ کے بیٹے مکرم محمد عبداللہ صاحب پیر کوٹی واقف زندگی ایک مقدمہ میں دیگر واقفین زندگی کے ساتھ گرفتار ہوئے۔ وہاں ایک غیر از جماعت منشی نے آپؓ سے اپنے لئے اولاد نرینہ کی دعا کی درخواست کروائی۔ چنانچہ آپؓ کی دعا نے شرفِ قبولیت پایا اور اُس منشی کو اولاد نرینہ عطا فرمائی۔
اسی طرح آپ کے چھوٹے بیٹے مکرم مولوی سلطان احمد صاحب پیرکوٹی جب مدرسہ احمدیہ میں زیر تعلیم تھے تو امتحان میں ایک لازمی مضمون کا پرچہ ایسا ہوا کہ کامیابی کی کوئی امید نہ رہی اور اس لازمی مضمون میں ناکامی کا نتیجہ سارے امتحان میں فیل ہو جانا تھا۔ چنانچہ وہ مایوس ہوکر آپؓ کے پاس آئے اور بتایا کہ مَیں کل کا پرچہ دینے نہیں جاؤں گا اور ساتھ ہی اس کی وجہ بتائی۔ آپؓ نے ان سے کہا کہ میں دعا کروں گا تم پرچہ دینے ضرور جانا۔ پھر آپؓ نے ان کی کامیابی کے لئے دعائیں شروع کر دیں۔ جب نتیجہ نکلا تو اُن کے اُس پرچہ میں 52 نمبر تھے جبکہ دراصل اُن کے حاصل کردہ نمبر 25 تھے اور پرچے میں وہ فیل تھے۔ لیکن ممتحن نے نمبروں کا ٹوٹل کرنے میں غلطی کی تھی اور یوں آپ امتحان میں کامیاب قرار پائے تھے۔
بچوں کی تربیت کی غرض سے آپؓ نے ایک مکان قادیان میں بھی خریدا۔ آپ بے حد متوکّل انسان تھے۔ خداتعالیٰ نے آپ کو تین بیٹوں اور پانچ بیٹیوں سے نوازا۔ اپنے والد کی وفات کے بعد اپنے بہن بھائیوں کی ذمہ داری بھی آپؓ پر تھی۔ لیکن کبھی بھی اپنی مشکلات کا کسی سے ذکر نہ کرتے بلکہ ہمیشہ خدا تعالیٰ کے آستانے پر جھکے اور اس رحیم و کریم خدا نے بھی کبھی آپ کو تنہا نہیں چھوڑا ۔
آپ کی نسل میں بہت سے افراد وقف زندگی اور وقف نو کی بابرکت تحریک میں شامل ہیں۔ آپؓ کے سب سے بڑے بیٹے میاں محمد اسماعیل صاحب پیر کوٹی بہت نیک اور متقی انسان تھے۔ نمازوں کے پابند اور تہجد گزار تھے۔ کثرت سے تلاوت قرآن کریم اور مطالعہ کتب حضرت مسیح موعود کرتے۔ بڑھاپے میں ضعف کے باوجود مسجد میں جاکر نمازیں ادا کرتے۔ بہشتی مقبرہ میں مدفون ہیں۔ دوسرے بیٹے مولوی محمد عبداللہ صاحب پیرکوٹی (واقف زندگی) تھے۔ آپ بھی نہایت متقی اور عبادت گزار تھے۔ تمام زندگی جماعتی خدمات میں گزری۔ آپ بھی بہشتی مقبرہ میں مدفون ہیں۔ آپ کے تیسرے بیٹے مولوی سلطان احمد پیرکوٹی بھی بفضلِ خدا واقف زندگی تھے۔ تمام زندگی دین کی خدمت میں گزاری۔ حضرت خلیفۃ المسیح الثانیؓ کے زودنویس رہے۔ نائب ایڈیٹر الفضل بھی رہے۔ متعدد کتابوں کے مصنف تھے۔ آپ بھی بہشتی مقبرہ ربوہ میں مدفون ہیں۔
حضرت میاں پیر محمد صاحبؓ کی وفات 7نومبر 1972 ء کو ربوہ میں ہوئی۔ حضرت خلیفۃ المسیح الثالثؒ نے نماز جنازہ پڑھائی اور بوجہ موصی ہونے کے تدفین بہشتی مقبرہ میں عمل میں آئی۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں