حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا سیالکوٹ میں قیام

سیدنا حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام 1864ء سے 1868ء تک سیالکوٹ میں بسلسلہ ملازمت قیام فرما رہے۔ اخبار زمیندار کے بانی محترم منشی سراج الدین صاحب آپ کے بارے میں لکھتے ہیں: ’’ہم چشم دید شہادت سے کہہ سکتے ہیں کہ جوانی میں بھی نہایت صالح اور متقی بزرگ تھے‘‘۔
حضورؑ کی ابتدائی زندگی کے حالات محترم ڈاکٹر سلیم الرحمن صاحب کے قلم سے ماہنامہ ’’احمدیہ گزٹ‘‘ کینیڈا، اپریل 1996ء کی زینت ہیں۔
علامہ اقبال کے استاد شمس العلماء سید میر حسن صاحب حضرت اقدسؑ کے قیام سیالکوٹ کے دوران آپؑ کی پارسائی کا ذکر کر کے فارسی اور عربی زبانوں میں لیاقت اور پادریوں سے مباحثات میں حضورؑ کی کامیابی کا بیان کرنے کے بعد لکھتے ہیں:
’’دینیات میں مرزا صاحب کی سبقت اور پیش رَوی تو عیاں ہے مگر ظاہری جسمانی دوڑ میں بھی آپ کی سبقت اس وقت کے حاضرین پر صاف ثابت ہو چکی تھی… ایک شخص بِلّاسنگھ نام نے کہا کہ میں سب سے دوڑنے میں سبقت لے جاتا ہوں۔ مرزا صاحب نے کہا میرے ساتھ دوڑو تو ثابت ہو جائے گا کہ کون بہت دوڑتا ہے۔ شیخ اللہ داد صاحب منصف مقرر ہوئے… مرزا صاحب اور بلّاسنگھ ایک ہی وقت دوڑے اور باقی آدمی معمولی رفتار سے پیچھے روانہ ہوئے۔ جب پُل پر پہنچے تو ثابت ہوا کہ مرزا صاحب سبقت لے گئے‘‘۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں