حضرت امام شافعی رحمۃ اللہ علیہ

آئمہ اربعہ میں حضرت امام شافعی رحمۃ اللہ علیہ کو ممتاز مقام حاصل ہے۔ آپ کا نام محمد ہے اور سلسلہ نسب ساتویں پشت پر آنحضور ﷺ سے جاملتا ہے۔ جس دن آپ کی پیدائش ہوئی اسی روز حضرت امام ابوحنیفہ کا انتقال ہوا۔ دو برس کی عمر میں والدہ کے ساتھ مکہ آگئے اور تحصیل علم کا آغاز ہوا۔ شعر گوئی سے شغف تھا۔ ایک روز خانہ کعبہ کی دیوار کے سایہ میں بیٹھے تھے کہ آواز آئی ’’اے محمد تو فقہ کو لازم پکڑ اور شعر گوئی کو ترک کردے‘‘۔ چنانچہ پہلے آپؒ مسلم بن خالد زنجیؒ کے شاگرد ہوئے اور پھر حضرت امام مالکؒ کی شاگردی میں آئے۔ حضرت امام احمد بن حنبلؒ آپؒ کے شاگردوں میں سے تھے اور ان کے مطابق حضرت امام شافعی ؒ ہی دوسری صدی کے مجدد ہیں۔
حضرت امام شافعی اصول فقہ کے موجد ہیں، عربی نظم و نثر میں بھی کمال دسترس رکھتے تھے۔ خلیفہ ہارون الرشید کے دور میں آپؒ پر سخت ابتلاء آیا اور آپ کو قید میں رکھ کر شدید تکالیف پہنچائی گئیں۔ امت مسلمہ کے یہ عظیم مجدد اور مفتی صرف 54 سال کی عمر میں وفات پاگئے۔ آپؒ کے بارے میں مکرم ارشد محمود صاحب کا تحریر کردہ ایک مضمون روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 14؍مئی میں شامل اشاعت ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں