آنحضورﷺ کی خوراک

(مطبوعہ الفضل ڈائجسٹ 16 نومبر 2018ء)

روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 30؍اکتوبر 2012ء میں اختصار سے آنحضور ﷺ کی خوراک کے بارہ میں بیان کیا گیا ہے۔ (منقول از شمائل الترمذی)
رسول اللہ ﷺ کی غذا انتہائی سادہ ہوتی تھی۔ آپؐ جَو کی روٹی کھالیتے اور کبھی نہ ملتی تو رات خالی پیٹ بھی گزار دیتے۔ آپؐ سرکہ کو بھی سالن کے طور پر استعمال فرمالیتے اور فرماتے کہ سر کہ کیا ہی اچھا سالن ہے۔ آپؐ پرندوں کا گوشت بھی کھا لیتے۔ مرغی کا بھی، بکرے اور دُنبہ کا بھی۔ آپؐ نے پٹھ کے گوشت کو بہترین قرار دیا ہے۔ فرمایا: بہترین گوشت پشت کا گوشت ہے۔ دستی کا گوشت بھی آپ کو پسند تھا۔
حضرت ابوعبیدہؓ کہتے ہیں کہ مَیں نے نبی کریم ﷺ کے لئے ہنڈیا پکائی۔ آپؐ کو دستی کا گوشت پسند تھا۔ میں نے آپؐ کی خدمت میں دستی پیش کی۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا مجھے اَور دستی دو۔ میں نے اور پیش کی۔ آپؐ نے پھر فرمایا کہ مجھے دستی دو، میں نے عرض کیا یارسول اللہ! ایک بکری کی کتنی دستیاں ہوتی ہیں؟ آپؐ نے فرمایا اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے۔ اگر تم خاموش رہتے تو جب تک مَیں دستی مانگتا رہتا تم مجھے دستی دیتے جاتے۔
سبزیوں میں کدّو بھی آپ کو پسند تھا۔ حضرت انس بن مالکؓ بتاتے ہیں کہ ایک درزی نے رسول اللہ ﷺ کو کھانے کی دعوت دی۔ مَیں بھی آپؐ کے ساتھ تھا۔ اُس نے رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں جَو کی روٹی اور شوربا پیش کیا۔ جس میں کدو اور خشک گوشت کے ٹکڑے تھے۔ رسول اللہ ﷺ پیالے سے کدّو چُن چُن کر تناول فرمانے لگے۔ اس دن سے مَیں بھی کدّو پسند کرنے لگا۔
رسول اللہ ﷺ زیتون کا تیل بھی استعمال فرماتے اور فرماتے زیتون کا تیل کھاؤ اور اسے استعمال کرو کیونکہ یہ بابرکت درخت کا تیل ہے۔
آپؐ بھنا ہوا گوشت کھاتے۔ ایک دفعہ صحابہؓ کے ساتھ مسجد میں بھی کھایا۔ ثرید بھی تناول فرماتے۔ فرمایا کرتے: عائشہؓ کو دوسری عورتوں پر وہی فضیلت ہے جو ثرید کو باقی کھانوں پر۔ پنیر، ستّو، کھجور بھی کھا لیتے۔ بلکہ حضرت صفیہؓ کا ولیمہ ہی ستّو اور کھجور سے کیا تھا۔
آپ ﷺ چقندر بھی استعمال فرماتے۔ ایک دفعہ حضرت علیؓ سے فرمایا: اے علی! اس میں سے کھاؤ، یہ تمہارے لئے زیادہ مناسب ہے۔
رسول اللہ ﷺ پہلے سے بچا ہوا کھانا بھی کھا لیتے تھے۔ کھانا شروع کرتے وقت بسم اللہ پڑھتے اور کھانا کھاکر یہ دعا کرتے: ’’تمام تعریفیں اس اللہ کے لئے ہیں جس نے ہمیں کھلایا، پلایا اور فرمانبردار بنایا‘‘۔
فرمایا کرتے تھے کہ جب تم میں سے کوئی کھانا کھائے اور کھاتے وقت بسم اللہ پڑھنا بھول جائے تو یہ کہے: بِسْمِ اللہِ اَوَّلِہٖ وَ آخِرِہٖ (اللہ کے نام کے ساتھ، اس کے شروع میں اور آخر میں)۔
رسول اللہ ﷺ ہر قسم کے ممکن الحصول پھل مثلاً تربوز، خربوزہ، کھجور وغیرہ بھی تناول فرماتے۔ جب کوئی شخص آپ کو پھل پیش کرتا تو آپؐ دعا کرتے: اے اللہ ! ہمارے پھلوں میں برکت عطا فرما اور ہمارے شہر میں برکت نازل کر اور ہمارے صاع اور مُدّ میں بھی برکت ڈال۔ پھر آپؐ سب سے چھوٹا بچہ دیکھتے، اُسے بلاتے اور یہ پھل اسے عطا فرمادیتے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں