اعزازات

نسیم مہدی صاحب
٭ مکرم مولانا نسیم مہدی صاحب مبلغ انچارج USA کو کینیڈا کے صوبہ اونٹاریو کی حکومت نے صوبہ کے سب سے بڑے اعزاز ’’آرڈر آف اونٹاریو‘‘ سے نوازا ہے۔ یہ اعزاز مذہبی اقدار کے فروغ اور مختلف مذاہب کے درمیان یکجہتی اور تعاون بڑھانے کی کوششوں کے لئے دیا گیا ہے۔ آپ کو اس سے پہلے حکومت کینیڈا کی طرف سے گورنرجنرل ایوارڈ اور کوئن ایوارڈ بھی دیا جاچکا ہے۔
٭ مکرم صابر ظفر صاحب کو لٹریچر (شاعری) میں نمایاں کارکردگی پر 14 اگست 2009ء کو (یومِ آزادی پاکستان کے موقعہ پر) تمغۂ امتیاز سے نوازا گیا۔
٭ مکرم بشیر ناصر صاحب آف کینیڈا کو جیسن کینی وزیر امیگریشن ، سیٹیزن شپ و ملٹی کلچرل ازم کینیڈا نے اپنا آفیشل فوٹوگرافر مقرر کیا ہے۔ ٹوارنٹو میں ہونے والی ایک تقریب میں وزیر مملکت برائے خارجہ امور جناب Peter Kent نے پاکستانی ہائی کمشنر کے ساتھ مکرم بشیر ناصر صاحب کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کو ایک خصوصی سرٹیفکیٹ سے نوازا۔
مکرم بشیر ناصر صاحب مکرم چوہدری محمد احمد صاحب مرحوم (یکے از313درویش قادیان) کے بیٹے ہیں اور لمبے عرصہ سے حضرت خلیفۃ المسیح الرابعؒ اور حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ کے مختلف ممالک (انڈیا، گھانا، یوکے ، جرمنی اور کینیڈا وغیرہ) کے دوروں اور جلسہ ہائے سالانہ کے موقع پرفوٹو گرافی کررہے ہیں۔ 2000ء میں حضرت خلیفۃ المسیح الرابع نے مکرم بشیر ناصر صاحب کی فوٹو گرافی کو سراہتے ہوئے حضرت مسیح موعودؑ کے متبرک کپڑے کا ٹکڑا عنایت فرمایا تھا۔ جبکہ 2006ء میں ہندوستان کے صدر مملکت نے دہلی میں انہیں بھارت گورو (Gaurav) ایوارڈ سے نوازا تھا۔ آپ ٹورانٹو میں انڈیا اور پاکستان کے قونصل خانوں کے آفیشل فوٹو گرافر کی حیثیت سے بھی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔
٭ روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 11؍اگست 2010ء کے مطابق مکرم فرخ شہزاد صاحب نے واپڈا کی سالانہ کھیلوں میں تیراکی میں دو طلائی، چھ نقرئی اور ایک کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔ جبکہ اس ٹورنامنٹ میں مکرم تنویر احمد صاحب نے چاندی کے تین اور ایک کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔ بعد ازاں نیشنل سوئمنگ چیمپئن شپ میں مکرم فرخ شہزاد صاحب نے چاندی کے دو اور کانسی کا ایک تمغہ جیتا جبکہ مکرم تنویر احمد صاحب نے کانسی کے دو تمغے حاصل کئے۔ اس کے علاوہ پنجاب کی سطح کے تیراکی کے مقابلوں میں ایک طفل عزیزم یاسر محمود سدھو نے چاندی کا ایک تمغہ حاصل کیا اور عزیزم کاشف محمود نے کانسی کا ایک تمغہ جیتا۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں