کیپٹن ریٹائرڈ مرزا نعیم الدین صاحب شہید

ماہنامہ ’’تشحیذالاذہان‘‘ اکتوبر 2011ء میں مکرم مرزا شہباز احمد نے اپنے تایا کیپٹن مرزا نعیم الدین صاحب کا ذکرخیر کیا ہے جنہیں 28؍مئی 2010ء کو سانحہ دارالذکر لاہور میں شہید کردیا گیا۔
محترم مرزا نعیم الدین صاحب 1953ء میں فتح پور ضلع گجرات میں پیدا ہوئے۔ پانچ بہن بھائیوں میں چوتھے نمبر پر تھے۔ تین بہنیں بڑی تھیں۔ آپ کے والد مرزا سراج الدین صاحب محکمہ ڈاک خانہ میں ملازم تھے۔ جب آپ پیدا ہوئے تو آپ کے والد کی عمر ساٹھ سال سے متجاوز تھی۔ چنانچہ میٹرک کرکے آپ 1971ء میں فوج میں سپاہی بھرتی ہوگئے۔ اپنی قابلیت اور پروفیشنلزم کی بنیاد پر 1993ء میں فوج میں کمیشن حاصل کیا۔ 2003ء میں بطور کیپٹن ریٹائرڈ ہوئے۔ اُن کی طبیعت ہمیشہ شکر کی طرف مائل رہتی۔ میجر نہ بن سکنے کا افسوس نہیں تھا۔ اسی بات پر شکر کرتے کہ مَیں نے بہت کچھ حاصل کرلیا۔ بحیثیت ایک فوجی وہ میرے آئیڈیل تھے اور فوج میں جانے کا شوق مجھے اُن کو دیکھ کر ہوا۔
مجھے اُن کے ساتھ زیادہ وقت گزارنے کا موقع اُس وقت ملا جب میری پوسٹنگ PAF کے لاہور Base میں ہوئی۔ میری والدہ جب ملٹری ہسپتال میں زیرعلاج تھیں تو وہ صبح دفتر جانے سے پہلے اور دفتر سے واپس آکر اُن کے پاس موجود رہتے۔ اُن کی وفات ہوئی تو بھی وہ ہسپتال میں موجود تھے اور انہوں نے ہی ہم سب عزیزوں کو اطلاع کی اور دیگر انتظامات کیے۔ ان کا حلقۂ احباب بہت وسیع تھا۔ خاندان میں ہر ایک کی خوشی غمی میں بھرپور شرکت کرتے۔ مسجد دارالذکر پر حملے کے وقت کئی لوگوں کی جانیں بچائیں اور اپنی شہادت تک دوسروں کی مدد میں مصروف رہے۔ ان کے بیٹے عامر نعیم بھی اُس روز دارالذکر کے گیٹ پر ڈیوٹی دیتے ہوئے زخمی ہوئے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں