حضرت مسیح موعودؑ کا اعجازی نشان

روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 23جولائی 2011ء میں حضرت قاضی عبدالرحیم صاحبؓ آف ٹرپئی کا بیان کردہ واقعہ شائع ہوا ہے جو درحقیقت حضرت اقدس مسیح موعودؑ کا ایک عظیم الشان معجزہ ہے۔
حضرت قاضی صاحبؓ بیان فرماتے ہیں کہ جب مَیں نے سنا کہ قادیان میں ایک شخص مرزا غلام احمد بڑا پارسا، پرہیزگار اور اہل اللہ شخص ہے، تو میرے دل میں مرزا صاحب کی زیارت کا شوق ہوا۔ جب مَیں قادیان پہنچا تو اسی وقت ایک ضعیف العمر خوش صورت شخص بھی بمبئی سے آیا تھا۔ ہم نے اپنے آنے کی اطلاع بھیجی تو تھوڑی دیر بعد حضرت صاحب نے بمبئی سے آنے والے شخص کو بلایا اور بعد میں مجھے بھی بلا لیا اور پھر بہت مدّت تک پُراثر وعظ فرماتے رہے۔ اثناء وعظ میں آپ دفعۃً اٹھ کھڑے ہوئے اور جلدی جلدی سیڑھیوں سے اُترے۔ ہم دونوں بھی آپؑ کے ہمراہ ہوئے، ڈھاب کے شرقی کنارے پر زمینداروں نے ایک گڑھا کھیتوں کو پانی دینے کے لئے بنایا ہوا تھا۔ اس میں ایک لڑکا آٹھ نو برس کا ڈوبا ہوا تھا اس کا ایک ہاتھ ننگا تھا۔ آپؑ نے فرمایا: اسے باہر نکالو۔ ہم نے اسے نکالا۔ اُس وقت وہ لڑکا زندہ مگر بے ہوش تھا۔ آپؑ نے فرمایا کہ اس کے پیٹ سے پانی نکالو اور دریافت کرکے جس کا لڑکا ہے اسے دیدو۔ پھر آپؑ واپس مکان پر تشریف لائے اور اس بات کے متعلق کچھ ذکر نہیں کیا جس سے معلوم ہوتا ہے کہ آپ نے یہ کام خدا کے حکم کے ماتحت کیا تھا۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں