جماعت جرمنی کا صد سالہ خلافت سووینئر

جماعت احمدیہ جرمنی کا صد سالہ خلافت احمدیہ جوبلی سووینئر A4 سائز کے تین صد سے زائد رنگین صفحات پر مشتمل ہے اور نہایت دیدہ زیب انداز میں اردو زبان میں شائع کیا گیا ہے۔ سرورق خوبصورت آرٹ کا نمونہ ہے۔ یہ سووینئر عمدہ کیلی گرافی، تاریخی و معلوماتی مضامین، خوبصورت نظموں اور بے شمار قیمتی تصاویر سے مزین ہے۔ مضبوط جلد کا حامل ہونے کی وجہ سے اِس ضخیم سووینئر کو محفوظ رکھنا بھی سہل ہے ۔
سووینئر کا آغاز سیدنا حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ کے جماعت جرمنی کے نام خصوصی پیغام سے اور اختتام حضور انور کے خلافت جوبلی پیغام سے کیا گیا ہے۔ حضرت مسیح موعودؑ اور خلفائے کرام کے تفصیلی حالات زندگی، کارہائے نمایاں، خصوصاً جرمنی کے حوالہ سے ارشادات اور جرمنی کے دورہ جات کا تفصیلی ذکر بھی اِس سووینئر میں شامل اشاعت ہے۔ اسی طرح جماعت احمدیہ جرمنی کی تاریخ، دیگر ممالک میں احمدیت کے نفوذ کے سلسلہ میں جماعت جرمنی کی مساعی اور جرمنی میں تعمیر کی جانے والی مساجد کی مختصر تاریخ بھی شائع کی گئی ہے۔ اہم بات یہ بھی ہے کہ تمام تاریخی حوالہ جات بھی دیئے گئے ہیں۔ الغرض نہایت محنت سے تیار کیا جانے والا یہ سووینئر اپنی ظاہری عمدہ پیشکش ہونے کے علاوہ جماعت جرمنی کے لئے تاریخی حیثیت میں بھی ایک ایسی قابل اعتماد دستاویز ہے جسے آئندہ سند کے طور پر استعمال کیا جاتا رہے گا۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں