احمدیہ گزٹ کینیڈا کا صد سالہ خلافت نمبر

جماعت احمدیہ کینیڈا کے ماہنامہ ’’احمدیہ گزٹ‘‘ کا صد سالہ جشن خلافت نمبر (مئی و جون 2008ء) A4 سائز کے دو صد سے زائد صفحات پر مشتمل ہے۔ اس خصوصی اشاعت کا نصف حصہ اردو زبان میں اور نصف انگریزی زبان میں پیش کیا گیا ہے۔ اور دونوں زبانوں میں جو علمی، تربیتی اور معلوماتی مضامین پیش کئے گئے ہیں، وہ نہ صرف بہت محنت سے مرتب کئے گئے ہیں بلکہ خلافت کے حوالہ سے تقریباً تمام پہلوؤں کا نہایت عمدگی سے احاطہ کیا گیا ہے۔ اس لحاظ سے بھی یہ شمارہ یقینا ایک عمدہ پیشکش ہے کیونکہ اس کو نایاب تصاویر سے مزین کیا گیا ہے۔ نیز کینیڈا کی اہم شخصیات کی طرف سے موصول ہونے والے چند خطوط اور چھ شہروں کی انتظامیہ کی طرف سے 27؍مئی کے دن کو ’’یوم خلافت احمدیہ‘‘ کے طور پر منانے کے فیصلے کی نقول بھی اس رسالہ میں شامل ہیں۔ جن سے بجا طور پر یہ اظہار بھی ہوتا ہے کہ مقتدر افراد کے نزدیک جماعت احمدیہ کی محب وطن اور خدمت انسانیت کے حوالہ سے قابل قدر جماعت ہے۔ چند ممالک کے محکمہ ڈاک کی طرف سے جاری کردہ ٹکٹوں کا عکس بھی اس رسالہ میں شامل کیا گیا ہے۔ چند خوبصورت نظمیں بھی اِس شمارہ کی زینت ہیں۔ گیٹ اَپ بھی خوبصورت ہے اور رسالہ کا حجم غیرمعمولی ہونے کے باوجود بہت خوبصورتی کے ساتھ مجلد پیش کیا گیا ہے۔ بلاشبہ یہ خصوصی شمارہ خاص طور پر محفوظ رکھنے کے لائق ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں